اسلام آباد(نیوز ڈیسک) اوگرا کی جانب سے رواں ہفتے ایل این جی کی عارضی قیمت فروخت کے اعلان کا امکان ہے۔آئل اینڈگیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے جمعرات یا جمعے کو آر ایل این جی کی عارضی قیمت فروخت کا اعلان کیے جانے کا امکان ہے ، جس سے حکومت ادائیگیوں کا قابل تسلسل طریقہ کار وضع کرسکے گی ، یہ معاملہ ان تین شرائط میں شامل ہے جس کے تحت پاکستان اور قطر کے مابین ایل این جی کی درآمد کے حکومتوں کی سطح پر معاہدے کی راہ ہموار ہوگی۔جنگ رپورٹر خالد مصطفی کے مطابق حکومت رواں ماہ کے وسط تک قطر کے ساتھ ایل این جی کی درآمدکا15سالہ معاہد ہ کرنے کیلئے کوشاں ہے۔ اوگرا چیئرمین سعید احمد خان کا کہنا ہے کہ ادارے کو لاءڈویڑن کی جانب سے غور و غوض کیے جانے کے بعد ایک ایس آر او موصول ہوا ہے ، جس کے تحت اوگرا کوایل این جی کیلئے دیگر پیٹرولیم مصنوعات کی طرح طریقہ کار وضع کرنے کا موقع ملے گا اور وہ ایل این جی کی عارضی فروخت کیلئے اس کے نرخ کا تعین کرسکے گا۔