لاہور(نیوزڈیسک)خیبر پختوانخواہ کے وزیر توانائی محمد عاطف خان نے بجلی کے منصوبوں کےلئے رکھے جانے والے فنڈز کی کراچی سٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاری کرنے کے حوالے سے بیان پر وزیر مملکت برائے پانی وبجلی عابد شیر علی نوٹس بھجوا دیا ۔پی ٹی آئی چیئرمین سیکرٹریٹ میںسینئر صحافیوں اور کالم نگاروں سے گفتگو کے دوران عاطف خان نے بتایا کہ وفاقی حکومت کے ذمہ داران خود بجلی کے بحران کے حل او ربجلی چوروں کو پکڑنے میں ناکام رہے ہیںاور اپنی ناکامیوں کو تسلیم کرنے اور مسائل کے حل کی بجائے دوسروں کے بارے میں غلط بیانی کرتے ہیں ۔عابد شیر علی کا یہ کہنا کہ خیبر پختوانخواہ کی حکومت نے ہائیڈرل ڈویلپمنٹ فنڈز کو کراچی سٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاری کے لئے استعمال کیا ہے سراسر جھوٹ ہے ۔حقیقت یہ ہے کہ 2005ءسے لے کر 2008ءتک ا س وقت کی حکومت نے سرکاری ملازمین کی پنشن کے لئے رکھے جانے والے فنڈز کو سٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاری کے لئے استعمال کیا اور تحریک انصاف کا اس سے کوئی لینا دینا نہیں ۔ انہوںنے کہا کہ غلط بیانی کرنے پر عابد شیر علی کو نوٹس بھجوا دیا ہے اور ان سے وضاحت بھی طلب کر لی ہے اگر وہ وضاحت نہیں دیں گے تو قانونی چارہ جوئی کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔