کراچی (این این آئی) بیگم نسیم ولی خان جنرل راحیل شریف سے اہم ترین کام کروانے کی خواہشمند،کہتی ہیں اگر وہ چاہیں تو ملک کو دہشت گردی کے ساتھ ساتھ کرپشن سے بھی نجات دلاسکتے ہیں۔عوامی نیشنل پارٹی(ولی) کے مرکز اے این پی (ولی) سے جاری اعلامیہ کے مطابق عوامی نیشنل پارٹی(ولی) کے سربراہ بیگم نسیم ولی خان نے کہا ہے کہ ماضی میں بہت سے جنرل دیکھے مگر جنرل راحیل شریف جیسا کوئی شریف النفس انسان نہیں دیکھا میں انھیں پاکستان کا نجات دہندہ سمجھتی ہوںاگر وہ چاہیں وہ ملک کو دہشت گردی کے ساتھ ساتھ کرپشن سے بھی نجات دلاسکتے ہیں، ہمسایہ ملک سے اچھے تعلقات ہونے چاہیں لیکن بد قسمتی سے ایسا نہیں ہے ، جب تک افغانستان میں امن قائم نہیں ہوگا تو پاکستان میں بھی امن قائم نہیں آسکتا اور ہندوستان میں بھی امن قائم نہیں رہے گا ، جب تک امن قائم نہیں ہوگا کوئی ملک ترقی نہیں کرسکتا۔بیگم نسیم ولی خان نے مزید کہا کہ پاکستان اور فوج ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں ، حکومت کا کام ملک کو چلانا اور اس کا تحفظ فوج کا کام ہے۔سندھ کی طرح دیگر صوبوں میں بھی کرپشن ہوتی ہے نیب کی جانب سے خیبر پختونخوا میں معصوم شاہ کی طرف سے کرپشن کیس میں بیان دینے کے باوجود کاروائی نہ کرنا اس کی غیر جانداری پر سوالیہ نشان ہے۔کہیں نیب خود تو کرپشن میں ملوث نہیں رہا ۔آج تک ہم پر کسی نے امریکی ایجنٹ ہونے کا الزام نہیں لگایا ، لیکن آج قوم کے نام پر نام نہاد سیاست کرنے والوں کے بارے میں عوام سے پوچھیں تو اس کا جواب وہ خقود دے دیں گے۔بیگم نسیم ولی خان نے مزید کہا کہ دہشت گردی کی جنگ میں آپریشن ضرب عضب میں کافی حد تک کامیابی ملی ہے لیکن میں سمجھتی ہوں کہ ہمیں افغانستان کی جنگ میں نہیں گھسنا چاہیے تھا۔جس کا خمیازہ بقول ولی خان آج تک ہم بھگت رہے ہیں۔ہم الیکشن کمیشن ممبران کی تبدیلی کی حمایت نہیں کرتے ، بلدیاتی انتخابات میں امید ہے کہ عوامی نیشنل پارٹی(ولی) بہتر کارگردگی دکھائے گی۔