لاہور(نیوزڈیسک)چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے منگل کو لاہور چھاﺅنی کا دورہ کیا ۔آرمی چیف اس موقع پر گیارہویں انفنٹری ڈویژن کی گولڈن جوبلی تقریبات میں شریک ہوئے اس موقع پر شرکاءسے بات چیت کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہاکہ پاک فوج کی تاریخ اس حقیقت سے بھری ہوئی ہے کہ اس کے جوانوں نے مادر وطن کے دفاع کےلئے غیر متزلزل عزم , محنت کا مظاہرہ کرتے ہوئے قربانیاں پیش کی ہیں ۔انہوںنے کہاکہ پاک بھارت جنگوں میں اس ڈویژن کی شاندار کار کر دگی رہی ہے جبکہ دہشتگردی کے خلاف جاری جنگ میں بھی اس ڈویژن نے اہم لڑاکا کر دار ادا کیا ہے ۔انہوںنے کہاکہ کھیم کرن اور حسین والا سیکٹر میں ملنے والی فتوحات اس ڈویژن کی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہیں ۔اس موقع پر آرمی چیف نے جنگوں میں شریک سابق فوجی افسران سمیت ریٹائرڈ و حاضر سروس افسران اور جوانوں سے ملاقاتیں کیں ۔