اسلام آباد(نیوزڈیسک) سیکریٹری خزانہ کا کہنا ہےکہ دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن میں 3 سال کے دوران 1.9 ارب ڈالر سے زائد کے اخراجات ہوئے جب کہ اس لڑائی میں پاکستان کو سالانہ اربو ڈالر کا نقصان ہورہا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے سیکریٹری خزانہ وقار مسعود خان نے لندن میں سرمایہ کاروں کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 15 سال میں پاکستانی عوام کو معاشی طور پر بہت بڑا نقصان اٹھانا پڑا ہے اور دہشت گردی کے خلاج جنگ میں پاکستان کو سالانہ 5 ارب ڈالرکی سرمایہ کاری سے محروم ہونا پڑ رہا ہے جب کہ اس وقت طالبان کے خلاف جاری آپریشن میں 3 سال کے دوران 1.9 ارب ڈالر سے زائد کے اخراجات ہوچکے ہیں۔سیکریٹری خزانہ نے کہاکہ ماضی میں بیرونی سرمایہ کاری 5 سے 7 ارب ڈالر تک ہوتی تھی لیکن اس وقت سے یہ کم ہو کر صرف 2 ارب ڈالر تک رہ گئی ہے جس سے دہشت گردی کے خلاف جنگ کے نقصان میں اور بھی اضافہ ہوجاتا ہے۔