لاہور(نیوزڈیسک) تحریک انصاف کا دعوی ہے کہ غفار گجر انکا کارکن اور بلدیاتی امیدوار تھا جسے گزشتہ روز قتل کر دیا گیا جبکہ مسلم لیگ نون اسے اپنا کارکن قرار دے رہی ہے ۔ پی ٹی آئی پنجاب کے آرگنائزر چوہدری سرور ، علیم خان اور دیگر رہنماوں کی قیادت میں تحریک انصاف نے غفار گجر کی میت پریس کلب کے باہر رکھ کر احتجاج کیا اور حکومت پنجاب کے خلاف نعرے بازی کی۔ پی ٹی آئی کے رہنماوں کا کہنا تھا کہ پولیس سیاست میں ملوث ہو چکی ہے اگر اڑتالیس گھنٹوں میں قاتل گرفتار نہ ہوئے تو پورے شہر کو سیل کر دیا جائے گا۔ پی ٹی آئی نے مطالبہ کیا کہ شہر میں بلدیاتی اور ضمنی انتخابات کے موقع پر مکمل طور پر رینجرز تعینات کی جائے۔ پی ٹی آئی نے گڑھی شاہو میں میت چوک میں رکھ کر دھرنا دیا ۔ پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے آئی جی پنجاب پولیس کو بھی ہدف تنقید بنایا اور دھمکی دی کہ اگر پولیس غیر جانبدار نہ ہوئی تو پھر آئی جی کے دفتر کا بھی گھیراؤ کیا جائے گا۔ احتجاج کے باعث شملہ پہاڑی کے اردگرد اور گڑھی شاہو چوک پر بری طرح ٹریفک جام رہی۔