اسلام آباد(نیوزڈیسک)افغان بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے والی عقیلہ آصفی خاتون ٹیچر نے یونائیٹڈ نیشن کا ایوارڈ اپنے نام کر لیا۔میانوالی کے گاﺅں کوٹ چندانہ میں افغان پناہ گزین آباد تھے جوکہ اپنے رسم و رواج کی وجہ سے بچیون کو پڑھانے کے حق میں نہیں تھے ، ایسے موقع پر خاتون ٹیچر عقیلہ آصفی نے علم کی شمع روشن کرنے کا بیڑا اٹھایا۔49 سالہ خاتون ٹیچر عقیلہ آصفی نے افغان پناہ گزینوں کو بچیوں کی تعلیم کی طرف راغب کیا ، ایک سے دو اور پھر سینکڑوں بچیاں عقیلہ سے تعلیم حاصل کرنے لگیں۔عقیلہ نے ایک کیمپ میں بچیوں کی تعلیم کا سلسلہ شروع کیا ، اپنے پاس سے بچیوں کو کتابیں اور دیگر سامان دیا۔ ثقافتی اور سماجی چیلنجز کے باوجود عقیلہ افغان بچیوں کو پرائمری تک تعلیم دینے میں کامیاب رہیں۔عقیلہ نے اپنے انٹرویو میں بتایا کہ ابتدا میں مجھے بہت سے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا لیکن میں نے ہمت نہیں ہاری کیونکہ تعلیم یافتہ بچیاں ہی ترقی یافتہ قومیں بناتی ہیں۔جنیوا میں 5 اکتوبر کو ہونے والی تقریب کے دوران عقیلہ آصفی کو یونائیٹڈ نیشن کے ایوارڈ سے نوازا جائے گا عقیلہ کو ایک لاکھ ڈالر کی رقم بھی دی جائے گی جوکہ وہ تعلیمی پراجیکٹ پر خرچ کر سکے گی۔