کوئٹہ(نیوز ڈیسک)ضلع آواران میں بلوچستان اسمبلی کے قائم مقام سپیکر میر عبدالقدوس بزنجو اور ان کے 20 رشتہ داروں کے مکانوں کو جمعہ کے روز جلا دیا گیا۔سرکاری ذرائع نے ہفتہ کو بتایا کہ ایک درجن کے قریب مسلح افراد نے بزنجو کی رہائش گاہ پر راکٹ داغے۔اس کے بعد یہ مسلح افراد موٹر سائیکلوں پر جھاو تحصیل میں بزنجو کے آبائی گاؤں شھندی پہنچے اور 20 مکان جلانے کے بعد فرار ہو گئے۔ بزنجو نے حملے کی تصدیق کی۔مقامی انتظامیہ کے ایک سینئر افسر عبدالغفور نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ داغے جانے والے راکٹ بزنجو کی رہائش گاہ کے قریب پھٹے، جس سے عمارت کو نقصان پہنچا۔عبدالغفور نے حملے کو دہشت گردی قرار دیتے ہوئے کہا کہ واقعہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ابھی تک کسی گروپ نے حملہ کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔