راولپنڈی(نیوز ڈیسک)کرنسی اسمگلنگ کیس میں مکمل چالان پیش نہ کیےجانے کےباعث ماڈل ایان علی پرفردجرم عائد نہ ہوسکی۔عدالت نے کسٹمز حکام کی سرزنش کرتے ہوئے مکمل چالان پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ماڈل ایان علی ضمانت پر رہائی کے بعد تیسری بار گارڈز کے حصار میں راولپنڈی کچہری پہنچیں۔ کسٹم عدالت راولپنڈی کے جج رانا آفتاب نے ماڈل ایان علی کے خلاف کرنسی اسمگلنگ کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے کسٹم حکام کو آئندہ پیشی پر کیس کا مکمل چالا ن پیش کرنے کی ہدایت کر دی ہے ، عدالت نے کیس کے دو گواہان اویس اور ممتاز کے بیانات مکمل کرنے اور دونوں گواہاں کے وارنٹ گرفتاری سے متعلق لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج درخواست کےقانونی تقاضے پورے کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ کسٹم عدالت نے ماڈل ایان علی کو فرد جرم عائد کرنے کے لئے طلب کر رکھا تھا،تاہم آج بھی ایان علی پر فرد جرم عائد نہیں ہو سکی۔آئندہ سماعت15ستمبر کو ہو گی۔کسٹم حکام کی ایان کے خلاف منی لانڈرنگ کیس دائر کرنے کی درخواست پر سماعت بھی 15 ستمبر کو ہو گی۔