کراچی(نیوزڈیسک)کرپشن اورجعلی شناختی کارڈز کے اجراءکی شکایات پر کراچی میں تین نادرا سنٹرسیل کردیئے گئے جبکہ چیئرمین نادرا نے جعلی شناختی کارڈ بنانے میں ملوث 50سے زائد ملازمین کو بھی معطل کردیا ہے۔چیئرمین نادراعثمان مبین یوسف نے پیرکو کراچی میں نادراکے مختلف سینڑزکا ہنگامی دورہ کیا اور شہریوں کے مسائل سنے۔انہوں نے کراچی کے شہریوں کی شکایات پر ایکشن لیتے ہوئے کرپشن اورجعلی شناختی کارڈز کے اجراءپر نیو کراچی، بلدیہ ون اورعائشہ منزل پر قائم نادرا سنٹربند کر دیئے۔چیئرمین نادرانے جعلی شناختی کارڈز کی شکایت پر50 سے زائدنادرا افسران اور اہلکاروں کومعطل کرکے ان کے خلاف انکوائری کاحکم بھی دیاہے ۔ عثمان مبین نے لمبی قطاروں اوردرخواست گزاروں کیلئے نامناسب انتظامات کا بھی نوٹس لیاجبکہ سینٹرز کے باہر ایجنٹ مافیا کی بھر ماراور لائن پروسسنگ کو بند کرنے کا بھی حکم دیا۔