لاہور (آن لائن) مسلم لیگ ( ق) کے رہنما چودھری پرویز الہی نے الیکشن کمیشن کے چاروں صوبائی ممبران کے مستعفی ہونے تک ضمنی انتخابات میں حصہ نہ لینے کا اعلان کر دیا ۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ(ق) کے رہنما چودھری پرویز الہیٰ نے اتوار کے روز لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کے چاروں صوبائی ممبران کے استعفوں کا مطالبہ کیا ہے ان کا کہنا تھا کہ جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ آنے پر ثابت ہو چکا ہے کہ یہ چاروں صوبائی ممبران 11 مئی 2013 کے الیکشن میںدھاندلی کی کارروائیوں میںملوث رہے ہیں انہوں نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ نے الیکشن کمیشن کی بے ضابطگیوں کا پول کھول دیا ہے ۔ چودھری پرویز الہیٰ نے کہا کہ جب تک الیکشن کمیشن کے اراکین مستعفی نہیں ہوتے تب تک مسلم لیگ ق کسی بھی ضمنی الیکشن میں حصہ نہیں لے گی ۔ واضح رہے کہ اس سے پہلے پاکستان پیپلزپارٹی کے ساتھ پاکستان تحریک انصاف اور جماعت اسلامی نے بھی الیکشن کمیشن کے اراکین کے استعفوں کا مطالبہ کر چکی ہے ۔