لاہور(نیوزڈیسک)لاہور ہائیکورٹ نے قصور زیادتی سکینڈل پر کمیشن تشکیل دینے کے لیے دائر درخواست میں وفاقی اور پنجاب حکومت سے جواب طلب کر لیا ۔گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس انوار الحق نے کیس کی سماعت شروع کی تو جوڈیشل ایکٹوازم پینل کی درخواست پر وکیل اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ قصور بدفعلی واقعہ سے دنیا بھر میں پاکستان کی بدنامی ہوئی ہے،ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے اس قانون میں دی جانے والی سزاﺅں کو بڑھانے کی ضرورت ہے، عدالت ریٹائرڈ ججوں،وکلاء،سول سوسائٹی اور صحافیوں پر مشتمل کمیشن تشکیل دینے کا حکم دے جو ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے اپنی سفارشات پیش کریں جن کی روشنی میں حکومت ایسے واقعات کو روکنے کے لیے لائحہ عمل طے کرسکے۔ عدالت نے درخواست گزار کا موقف سننے کے بعد وفاق اور پنجاب حکومت سے جواب طلب کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ درخواست میں اہم نکات اٹھائے گئے ہیں، جواب آنے کے بعد اس کا فیصلہ کیا جائے گا کہ کمیشن کے تشکیل کی ضرورت ہے یا نہیں ۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت اٹھارہ ستمبر تک ملتوی کر دی۔