اسلام آباد(آن لائن) صدر آزاد کشمیر سردار یعقوب خان نے مرکزی قیادت سے آزاد کشمیر میں پارٹی صدارت کا گرین سگنل ملتے ہی رابطہ مہم کا آغاز کر دیا ہے ۔ باخبر ذرائع نے آن لائن کو بتایا ہے کہ پیپلزپارٹی کی مرکزی قیادت نے دبئی میں صدر یعقوب خان سے ملاقات کے دوران آزاد کشمیر کے سینئر پارٹی رہنماﺅں اور وزراءکی حمایت حاصل کرنے کا ٹاسک دیا تھا جس کے پیش نظر صدر آزاد کشمیر سردار یعقوب خان نے وطن واپس پہنچتے ہی رابطہ مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ پارٹی صدارت کے لئے آزاد کشمیر پیپلزپارٹی کے تین سینئر رہنما کے درمیان پہلے ہی سرد جنگ شروع ہے جس میں سردار قمرالزمان وزیر صحت ، چودھری لطیف اکبر وزیر خزانہ ، سینئر وزیر چودھری یاسین میدان میں سرفہرست ہیں۔یاد رہے کہ گزشتہ ضمنی الیکشن میرپور میں پیپلزپارٹی کی کارکردگی صفر ہونے کی وجہ سے پاکستان پیپلزپارٹی کی مرکزی قیادت نے چودھری عبدالمجید سے پارٹی صدارت سے ہٹانے کا فیصلہ کیا تھا تاہم ابھی تک مرکزی قیادت کی جانب سے باقاعدہ اعلان نہیں ہو سکا ۔ مرکزی قیادت نے آزاد کشمیر کی سیاسی صورت حال کو دیکھتے ہوئے پارٹی کی جانب سے سردار یعقوب خان کو پارٹی کی صدارت دیئے جانے کا امکان ہے ۔