اسلام آباد(نیوزڈیسک)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ الطاف حسین مسلسل پاکستان کیخلاف بیانات دے رہے ہیں، ان کے بیانات نے خود کو ، پارٹی ورکرز اورشہریوں کومشکلات سےدوچارکردیاہے،ایم کیو ایم کی بھلائی اسی میں ہے کہ وہ الطاف حسین کے بیانات پر اپنا در عمل دے ۔ اسلام آبادمیں چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان سے ملاقات کے بعدمیڈیا سے گفتگو میں امیر جماعت اسلامی نےکہاکہ ایم کیو ایم واضح کرے کہ وہ الطاف حسین کے بیانات کے ساتھ ہے کہ نہیں ۔ سراج الحق کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کو سپریم کورٹ کی طرح مالی اور انتظامی امور میں آزاد ہونا چاہئے، چیف الیکشن کمشنر سے کہاہےکہ انتخابی امیدوار کی طرح پارٹی اخراجات کی حد بھی سب کے لئے یکساں مقرر کی جائے ، موروثی سیاست کے خاتمہ کے لئے ضروری ہے کہ انٹرا پارٹی انتخابات بھی الیکشن کمیشن کی زیر نگرانی ہوں۔