اسلام آباد(نیوز ڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کے خلاف اشتعال انگیز تقریر کرنے کیخلاف درج ہونے والے مقدمات کی تعداد 100سے تجاوز کر گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق الطاف حسین کی فوج کیخلاف اشتعال انگیز تقریر پر کراچی کے مختلف تھانوں میں 18مقدمات درج ہوئے پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے تھانہ ڈیفنس اے، تھانہ پرانی انارکلی اور تھانہ ستوکتلہ میں الطاف حسین کے خلاف اشتعال انگیز تقاریر کرنے کا مقدمہ درج کیا گیا۔سیالکوٹ کے تھانہ سول لائن اور تھانہ ڈسکہ میں دفعہ 122، 123 اور 7 اے ٹی اے کے تحت ایک شہری نے الطاف حسین کے خلاف مقدمہ درج کروایا ہے۔بلوچستان اور پنجاب کے کئی شہروں میں بھی مقدمات درج کروائے گئے۔سندھ کے شہروں سکھر، کندھ کوٹ اور میرپور ماتھیلو میں بھی الطاف حسین کے خلاف ایف آئی آرز درج کروائی گئیں۔خیبر پختونخوا میں کوہاٹ، ڈیرہ اسماعیل خان، ہنگو اور کرک میں ایک ایک مقدمہ درج ہوا،گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور بلوچستان میں بھی مقدمات درج کئے گئے۔