کراچی(نیوزڈیسک) پاکستان تحریک انصاف نے افواج پاکستان اور رینجرز کے خلاف متنازعہ اور اشتعال انگیز تقریر کرنے پر متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کے خلاف مقدمہ درج کرانے کا اعلان کردیا ہے۔ پی ٹی آئی کے رہنما فیصل واوڈا نے صحافیوں کو بتایا کہ الطاف حسین کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے لئے درخواست درخشاں تھانے میں آج (بدھ) جمع کرائی جائے گی۔ یہ مقدمہ میری اور علی زیدی کی مدعیت میں درج کرایا جائے گا۔ دریں اثناءپی ٹی آئی کے رہنما اور رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف سندھ اسمبلی میں آج (بدھ) ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے خلاف مذمتی قرارداد جمع کرائے گی۔ مذمتی قرارداد الطاف حسین کے خلاف حالیہ ان کے خطاب کے خلاف جمع کرائی جائے گی۔ اس خطاب میں انہوں نے سیکورٹی فورسز کے خلاف اشتعال انگیز تقریر کی ہے۔ تحریک انصاف الطاف حسین کے اس بیان پر ایک یادداشت برطانوی قونصل خانے میں بھی جمع کرائے گی جس میں برطانوی حکومت کو کہا جائے گا کہ وہ الطاف حسین کو ایسے متنازعہ بیانات سے روکے اور ان کے خلاف اپنے قانون کے مطابق کارروائی کرے۔