اسلام آباد(نیوز ڈیسک)معروف صحافی نے انکشا ف کیا ہے چیئرمین نیب قمر الزماں چوہدری اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے درمیان اہم ملاقات ہوئی ہے جس میں آرمی چیف کی جانب سے ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ کرپشن کیسز میں کسی بھی شخص کو کوئی رعایت نہ دی جائے ۔نجی ٹی وی چینل پر پروگرام میں بات کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی سمیت سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں نے نیب سے اپنے کرپشن کیسز معاف کروائے ہیں جن میں حمزہ شہباز شریف ، منظور وٹو محسن شاہنواز سمیت دیگر سیاست دان شامل ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ چیئرمین نیب کی جانب سے کاروائیوں میں تیزی آ گئی ہے اور اب نیب تمام کرپشن کیسز کی تحقیقات کر رہی ہے جس کی وجہ سے خاص طور پر حکومتی جماعت مسلم لیگ ن پریشانی کا شکار ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ہر حکومت اپنی مرضی سے چیئرمین نیب کا تقرر کرتی ہے لیکن موجودہ حکومت اس لیے بھی پریشان ہے کہ ان کے دور میں چیئرمین نیب آرمی چیف سے ملاقات کر رہے ہیں اور آرمی چیف انہیں ہدایات بھی دے رہے ہیں ۔ صحافی کا کہنا تھا کہ سیاست دان نیب افسران کو رضاکارانہ ادائیگیاں کرتے ہیں اور معاشرے میں معزز بن کر پھرتے ہیں اس لیے ان کا بھی احتساب ضروری ہے ۔