پشاور(نیوزڈیسک)صوبائی وزیر ضیاءآفریدی کی گرفتاری،تحریک انصاف میں پھوٹ پڑ گئی،تحریک انصاف کے نظریاتی کارکنوں نے نیب کی جانب سے کرپشن کے الزامات میں گرفتارصوبائی وزیر ضیاءآفریدی کی بنیادی رکنیت معطل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے وزیرمعدنیات کو بدعنوانی کے الزام میں گرفتار کرکے پاکستان کی تاریخ میں مثال قائم کیا ہے ۔پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس اوراحتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنمااورضلع پشاور کے سابق صدر ظفراللہ خٹک،ڈسٹرکٹ کونسلراورجائنٹ سیکرٹری کلثوم،ڈاکٹرعنایت اور دیگر نے کہاکہ بعض زر خرید کارکن ضیاءاللہ آفریدی کے خلاف ہونے والے تحقیقات پر اثر انداز ہونے کی کوشش کررہے ہیں اگر ضیاءآفریدی کرپشن سے پاک ہے تو تحقیقات کے بات سب کچھ سامنے آجائے گا۔انہوں نے کہاکہ 2013ءکے الیکشن میں پارٹی نے بہت سے دیرینہ کارکنان کو نظر اندازکرکے ایسے لوگوں کو ٹکٹ دیئے جنہوں نے کبھی یونین کونسل کا الیکشن بھی نہیں لڑا اور آج وہ لوگ پیسے کے بل بوتے پر مشیر اور وزیر بن چکے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف نے جس طریقے سے قومی و صوبائی اسمبلی کے اراکین کو پیسوں کے عوض ٹکٹ دیئے اب اس کے اثرات آنا شروع ہو چکے ہیں ۔انہوں نے مطالبہ کیاکہ اگر وزیرمعدنیات پر الزامات ثابت ہوجاتے ہیں تو انہیں سزا دے کر دوسروں کے لئے ایک مثال بنایا جائے لیکن اگر بے گناہ ہے تو انہیں باعزت رہا کیا جائے۔ا نہوں نے کہا کہ وہ کرپشن کے خلاف جنگ میں تحریک انصاف کی صوبائی حکومت اور پارٹی چےئرمےن عمران کاساتھ دےنگے۔انہوں نے وزیراعلیٰ پرویزخٹک کی سربراہی میں صوبائی حکومت کی کارکردگی کو سراہااورکہاکہ صوبے میں تعمیروترقی کے سفرکاآغازہوچکاہے اورعوام اب تبدیلی محسوس کررہے ہیں انہوں نے پارٹی قائدین سے بھی مطالبہ کیاکہ نظریاتی کارکنان کو ترجیح دی جائے اور پارٹی کے اندر جتنے بھی کرپٹ عناصر موجود ہیں انکوپارٹی سے نکالاجائے ۔بعدازاں تحریک انصاف کے نظریاتی کارکنوںنے پشاورپریس کلب کے باہراحتجاجی مظاہرہ بھی کیاجس میں پارٹی قائدین سے مطالبہ کیاگیاکہ وہ تحریک انصاف کے بدنامی کاباعث بننے والے عناصرکوکیفرکردارتک پہنچائے ۔اس موقع پرمظاہرے کے شرکاءنے گرفتارصوبائی وزیرکے خلاف شدیدنعرہ بازی بھی کی ۔