کراچی(نیوزڈیسک)جسٹس (ر)وجیہہ الدین احمد نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خط کا جواب دے دیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ خان صاحب آپ کے اردگرد مفاد پرست لوگ جمع ہیں، انضباطی کمیٹی اور یوسف گبول کی رکنیت معطل کر کے اچھا نہیں کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق جسٹس (ر) وجیہہ الدین احمد نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے تمام الزامات مسترد کر دیئے ہیں۔ عمران خان کو جوابی خط میں جسٹس(ر)وجیہہ الدین احمد نے کہا ہے کہ آپ نے پارٹی کی انضباطی کمیٹی اور ٹربیونل کے رکن یوسف گبول کی رکنیت معطل کرکے اچھا نہیں کیا، میرے لیے پارٹی کے الیکشن ٹربیونل کی سرپرستی اہم نہیں مگر پارٹی کےلئے اس کی اہمیت انتہائی زیادہ ہے۔الیکشن ٹربیونل نے چھ ماہ میں پارٹی الیکشن کرانے کی ہدایت کی مگر آپ نے بطور چیئرمین الیکشن نہیں کرائے۔ جسٹس وجیہہ الدین کا جوابی خط میں کہنا ہے کہ پارٹی الیکشن نہ کرانے کے باعث ٹربیونل نے پارٹی کی تنظیموں کو تحلیل کیا، آپ نے الیکشن ٹربیونل کو تحلیل کرکے کام کرنے سے کیوں روک دیا ہے۔