کراچی (نیوزڈیسک)نیب تحقیقات شروع ہونے کے بعد سینئر پولیس افسران نے آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی کو فوری طور پر عہدہ چھوڑنے کی تجویزدے دی ہے ۔جبکہ حکومت کی بااثر شخصیت نے آئی جی سندھ کو کسی بھی صورت عہدہ نہ چھوڑنے کی ہدایت کردی ہے ۔ذرائع کے مطابق سینئر پولیس آفیسرز نے آئی جی سندھ کو مشورہ دیا ہے کہ نیب کی تحقیقات شروع ہونے کے بعد آئی جی سندھ فوری طور پر اپنا عہدہ چھوڑدیں ۔آئی جی سندھ عہدہ چھوڑ کر اپنے آپ کو تفتیش کے لیے نیب ٹیم کے سامنے پیش کرتے ہیں تو یہ اچھا اقدام ہوگا ۔جبکہ آئی جی سندھ نے ان افسران پر واضح کیا ہے کہ وہ کسی صورت چارج نہیں چھوڑیں گے اور نیب کی کارروائی کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہیں ۔ذرائع کے مطابق نیب کی طرف سے چند دنوں میں تحقیقات مکمل ہونے کے بعد موجودہ آئی جی کو کسی بھی صورت گرفتار کرنے کے فیصلے پر غور شروع کردیا گیا ہے ۔جبکہ ایک بااثر حکومتی شخصیت نے آئی جی سندھ کو کسی بھی صورت عہدہ نہ چھوڑنے کی ہدایت کی ہے ۔واضح رہے کہ وزیر اعظم آئی جی سندھ کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہیں اور دومرتبہ عہدے سے ہٹانے کے احکامات دینے کے باوجود پی پی سرکار نے آئی جی سندھ کو بچا لیا تھا۔