اسلام آباد(نیوز ڈیسک)سیکورٹی اداروں کی جانب سے سیاسی و کاروباری شخصیات کیلئے منی لانڈرنگ کی سہولت فراہم کرنے کے الزام میں معروف کرنسی ڈیلر اور ایچ اینڈ ایچ کمپنی کے سربراہ حاجی ہارون کو حراست میں لیے جانے کی اطلاعات ہیں۔ ذرائع کے مطابق حاجی ہارون پر مبینہ طور پر ساستدانوں کی رقوم بیرون ملک منتقل کرنے میں معاونت کرنے کے ساتھ ایگزٹ کمپنی کی منی لانڈرنگ کرنے کا بھی الزام ہے۔ کرنسی مارکیٹ ذرائع کے مطابق حاجی ہارون کی بعض سیاسی شخصیات سے دوستی کے بڑے چرچے رہے ہیں اور اسی طرح ایگزٹ کمپنی کے سینئر عہدیداروں کا بھی ان کے ہاں آنا جانا تھا۔حاجی ہا رون کے قریبی عزیز سے اس سلسلے میں ان کے 2روز سے غائب ہونے کی تصدیق کی تاہم ان کا کہنا تھا کہ ابھی یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ انہیں کس الزام میں اٹھایا گیا ہے ہم بھاگ دوڑ کر رہے ہیں کہ ان پر الزامات کا پتہ چلائیں۔