لاہور(نیوزڈیسک)84ارب روپے لاگت والا نندی پور پاورپراجیکٹ مطلوبہ پیداوار دینے میں ناکام ہوگیا،منصوبہ مہنگی بجلی فراہم کرنے والا یونٹ بن گیا ہے۔نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق نندی پور پاور پروجیکٹ انتظامیہ نے دعوی کیا تھا کہ گیس سے چلنے پر نندی پورپاورپراجیکٹس سے 425میگاواٹ بجلی اپریل سے قومی گرڈ میں شامل ہوجائے گی۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ اعلان کردہ تاریخ سے تین ماہ زائد گزرنے کے باوجود بجلی گھرفعال نہیں ہوسکا اور اس وقت گیس کی بجائے ڈیزل سے محض 150میگاوٹ تک بجلی پیدا کی جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق منصوبے کی تکمیل کی راہ میں بڑی رکاوٹ تکنیکی خرابیاں ہیں، ابھی تک اس منصوبے میں کنورژن نہیں ہو پا رہی جس کی وجہ سے اس کی ٹربائنز کو گیس پر نہیں لایا جا سکا ہے اور اس کے کچھ پاور پلانٹس ابھی تک بند پڑے ہیں۔ ذرائع کے مطابق نندی پور پاور پروجیکٹ کے حکام کو نیپرا سے مرضی کے ٹیرف ریٹس بھی نہیں مل سکے تھے۔ اس منصوبے کا ابتدائی تخمینہ 23ارب روپے لگایا گیا تھا جس میں اضافہ کے بعد اس کی مالیت 84ارب روپے تک پہنچ گئی ہے۔