کراچی ( نیوزڈیسک ) بحریہ ٹاﺅن کلفٹن میں انڈر پاس کا منصوبہ مکمل کر لیا گیا ہے جس کا افتتاح معمر ترین ملازم غلام جیلانی نے کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بحریہ ٹاﺅن کے چیئرمین ملک ریاض کا کہنا تھا کہ بحریہ ٹاﺅن میں انڈر پاس کی تعمیر کرنا ان کا خواب تھا۔انہوں نے کہا کہ سابق سٹی ناظم کراچی مصطفی کمال نے اس منصوبہ کا تمام کام کیا ہے جس پر وہ ان کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اس وقت مشکل حالات سے دوچار ہے اور ہم سب کو مل کر اپنے ملک کے بارے میں سوچنا ہو گا۔ ملک ریاض نے ملک کے سرمایہ داروں سے درخواست کی کہ وہ ملک میں سرمایہ کاری کریں تاکہ پاکستان کو بہترین ملک بنایا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بحریہ ٹاﺅن کا منصوبہ 10 ماہ کی مدت میں مکمل کیا گیا ہے اور ہر منصوبہ کا افتتاح وہاں کی لیبر کرے گی۔بحریہ ٹاﺅن انڈر پاس کا افتتاح 70 سالہ معمر ملازم غلام جیلانی نے کیا۔ اس موقع پر ملک ریاض کا کہنا تھا کہ بحریہ ٹاﺅن انڈر پاس کا منصوبہ مکمل کرنے ولاے مزدوروں کو ان کے اہل خانہ کے ہمراہ عمرہ پر بھیجا جائے گا کیونکہ 20.8 اب روپے کا منصوبہ عوام کے لیے تحفہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ان ججز کے شکرگزار ہیں جنہوں نے 6 ماہ بعد منصوبہ مکمل کرنے کی اجازت دی تھی۔ ملک ریاض کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اللہ تعالی نے نعمتوں سے مالا مال کیا ہوا ہے اور ہمارے پاس اتنے وسائل ہیں کہ 2 سال میں پاکستان کو امریکہ اور یورپ بنایا جا سکتا ہے۔