پشاور ( نیوزڈیسک ) پشاور اور گرد و نواح میں وقفے وقفے سے بوندا باندی کا سلسلہ جاری ہے۔ بارش سے متاثرہ علاقوں میں لوگوں نے اپنی مدد ا پ کے تحت تعمیر اور مرمت کا کام شروع کردیا۔ پشاور میں گزشتہ رات سے وقفے وقفے سے بوندا باندی کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور میں چھ ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ سب سے زیادہ بارش کالام میں 29ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سلسلہ چوبیس گھنٹے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ دوسری جانب اتوار کو ہونے والی طوفانی بارش سے متاثرہ علاقوں میں ابھی تک مکمل طور پر حکومتی امداد نہیں پہنچ سکی۔ بدھو ثمرباغ ، پخہ غلام اور واحد گڑھی میں مقامی لوگوں نے اپنی مدد ا پ کے تحت منہدم ہوجانے والے گھروں کی تعمیر و مرمت کا کام شروع کردیا ہے۔ متاثرہ علاقوں میں حکومتی امداد تو نہ پہنچ سکی لیکن مقامی مخیر افراد ضرور متاثرین کی مدد کر رہے ہیں۔ دوسری جانب پنجاب حکومت کی جانب سے بھیجا گیا امدادی سامان پشاور پہنچ گیا ہے ، امدادی سامان متاثرین میں تقسیم کیا جائے گا۔