کراچی ( نیوز ڈیسک) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ کراچی آپریشن سے بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ میں کمی ہوئی ، حکومت اور عوام سے مل کر تمام مافیاز کا خاتمہ کریں گے۔ جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کی حالیہ وارداتیں مخصوص پیٹرن پر ہو رہی ہیں۔ رینجرز اور خفیہ ایجنسیاں منصوبہ بندی کرنے والوں کا سراغ لگائیں۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کور ہیڈکوارٹرز کراچی کا دورہ کیا۔ کور کمانڈر اور ڈی جی رینجرز نے انہیں شہر میں امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ دی۔ آرمی چیف نے کراچی آپریشن میں پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن سے کراچی میں بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ میں کمی ہوئی ہے ، آپریشن کے منطقی انجام تک مجرموں کے خلاف بلاتفریق کارروائی جاری رہے گی ، حکومت او عوام کے ساتھ مل کر تمام مافیاز کا خاتمہ کریں گے۔ جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کی حالیہ وارداتیں نئے پیٹرن پر ہورہی ہیں ، ایسی وارداتیں سازش ہیں جسے بے نقاب کرنے کی ضرورت ہے ، انٹیلی جنس ایجنسیاں اور رینجرز اپنی حکمت عملی پر نظرثانی کریں اور مجرموں کا سراغ لگا کر کیفر کردار تک پہنچائیں۔ آرمی چیف نے کہا کہ کراچی میں امن ملکی معیشت کی بحالی کے لیے ضروری ہے۔ جنرل راحیل شریف نے این اے 246 میں پر امن انتخابات پر رینجرز کے کردار کو سراہا۔