لاہور ( نیو زڈیسک ) پشاور اور اسلام آباد کے بعد بارش اورتیز ہواؤں نے لاہور کا رخ کر لیا ، مختلف علاقوں میں چلنے والی گرد آلود ہواؤں سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا ، تاہم شہر کے مختلف حصوں میں تیز بارش کے ساتھ گرمی کا زور ٹوٹتے ہی موسم بھی خوشگوار ہو گیا۔ باغوں کے شہر لاہور کو علی الصبح سیاہ بادلوں نے ڈھانپ لیا پھر تیز ہواؤں کے ساتھ گرد آلود ہوائیں چلیں جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا رہا۔ کالی گھٹاؤں نے آسمان کو ڈھانپا تو دن میں رات کا سماں ہو گیا۔ تیز ہواؤں کے ساتھ شہر کے مختلف حصوں میں برستے مینہ نے موسم خوشگوار کر دیا۔ بارش کے بعد چلنیوالی ٹھنڈی ہواؤں سے گرمی اڑن چھو ہوئی اور لوگوں نے سکھ کا سانس لیا۔ شہر اور گرد و نواح میں اس وقت گھنے بادلوں کا راج ہے۔ موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق مالاکنڈ ، ہزارہ ، پشاور ، کوہاٹ ، مردان ، بنوں ، فاٹا ، اسلام ا باد ، راولپنڈی ، سرگودھا ڈویڑن کے علاوہ کشمیر میں کہیں کہیں ، گوجرانوالہ ، لاہور ، فیصل آباد ، ڈی ا ئی خان ڈویڑن اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے جبکہ ملتان ، ساہیوال اور ڈی جی خان ڈویڑن میں گرد ا لود ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔