اسلام آباد(نیوز ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ بلدیاتی الیکشن میں ن لیگ کی کامیابی نے دھاندلی کا ثبوت دے دیا ہے دھاندلی کا شور مچانے والوں کے پاس اب جوڈیشل کمیشن میں جمع کرانے کے لئے کوئی ثبوت نہیں ۔ جوڈیشل کمیشن پی ٹی آئی کی خواہش پر بنا لیکن پی ٹی آئی ثبوت جمع کرانے میں ناکام ہو چکی ہے ۔ بدھ کے روز یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ کنٹونمنٹ بورڈ کے الیکشن اور کراچی ضمنی الیکشن میں قوم نے پی ٹی آئی کو مسترد کر دیا اب دھرنے والوں کو اپنی حیثیت کا انداز ہو جانا چا ہیے ۔ حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ کے پی کے میں طوفانی بارشوں سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی یہ وقت سیاست کا نہیں ہم سب کو مل کر کے پی کے متاثرین کی مدد کرنی ہو گی انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے 20 ٹرک امداد کے متاثرین کی امداد کے لئے بھیج دیئے ہیں اور چند دنوں میں مزید امداد بھی بھیجیں گے پنجاب حکومت متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑے گی ۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ عوام دھرنا سیاست کو مسترد کر چکے ہیں دھرنوں سے ملک ترقی نہیں کر سکتا پہلے ہی دھرنوں سے معیشت کو بہت نقصان ہوا ہے ہمیں ملکی ترقی کے لئے دھرنا سیاست کی حوصلہ شکنی کرنی ہو گی ۔