اسلام آباد( نیوز ڈیسک)نیپال کے زلزلہ متاثرین کے لیے وزیر اعظم ریلیف فنڈ قائم کر دیا گیا ، متاثرین کیلئے امداد سے بھرے پاکستانی فوج کے دو طیارے کٹھمنڈو پہنچ گئے ، پاک فوج نیپالی متاثرین کیلئے امدادی کاموں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لے گی۔ زلزلہ ہو یا سیلاب قدرتی افت ہو یا الیکشن کا انعقاد پاک فوج نے ہمیشہ قوم کی مدد کیلئے لبیک کہا ہے۔ نیپال کے زلزلہ متاثرین کیلئے جہاں دنیا بھر سے امدادی کارکن اور سامان کٹھمنڈو پہنچ رہا ہے ، وہیں پاک فوج بھی اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔ پاک فوج نے دو سی 130طیارے کٹھمنڈو بھجوائے ہیں جن میں 200 خوراک کے باکس ،250ٹینٹ ،1000کمبل اور 33 کارٹن ادویات موجود تھیں۔ پاک فوج کی ریسکیو ٹیم نیپالی امداد کارکنوں کے شانہ بشانہ امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے گی۔امدادی ٹیم میں طبی عملے کے 30ارکان اور 18 ریسکیو اہلکار شامل ہیں۔ اٹھارہ انجینئربھی ریسکیو ٹیم کا حصہ ہیں جبکہ ملبے تلے افراد کی تلاش کیلئے پاک فوج کے دو تربیت یافتہ ریسکیو کتے بھی بھجوائے گئے ہیں۔پاک فوج کے طیاروں کے ذریعے زلزلیسے متاثرہ 59 پاکستانی شہری بھی واپس وطن پہنچے ، زلزلے کے وقت نیپال میں 100پاکستانی موجود تھے جن میں سے بیشتر وطن واپس پہنچ چکے ہیں۔