راولپنڈی (نیوزڈیسک) راولپنڈی کی احتساب عدالت نے سمن کی تعمیل نہ ہونے کی بناءپر آصف زرداری کیخلاف کرپشن ریفرنس کی سماعت پانچ مئی تک ملتوی کر دی آئندہ سماعت پر طلبی کا حکم برقرار رکھا گیا ۔ سابق صدر آصف علی زرداری کیخلاف غیر قانونی اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت نمبر ایک کے جج خالد محمود رانجھا نے کی ۔ آصف علی زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے عدالت کو بتایا کہ میرے موکل کو طلبی کے سمن کی تعمیل نہیں ہوئی ۔ عدالت نے کیس کی سماعت پانچ مئی تک ملتوی کرتے ہوئے آصف زرداری کی طلبی کا حکم برقرار رکھا ۔ قبل ازیں عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق صدر آصف علی زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ میرے موکل کیخلاف پندرہ سال قبل ریفرنس بنایا گیا ، آصف علی زرداری پر کرپشن کے ذریعے اثاثے بنانے کا الزام عائد کیا گیا ، احتساب بیورو آصف علی زرداری کو بلا وجہ تنگ کر رہی ہے انہوں نے کہا کہ سابق صدر آصف زرداری 5 میں سے 3 ریفرنسز میں با عزت بری ہو چکے ہیں ، باقی دو سے بھی جلد بری ہو جائیں گے ۔ فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ سابق صدر کو عدالت طلبی کے سمن کی تعمیل نہیں ہوئی ، اخبار میں شائع خبر کے بعد سابق صدر کی ہدایت پر عدالت پیش ہوا ، آصف علی زرداری کو جب بھی طلب کیا گیا وہ عدالت پیش ہونگے ۔ وہ مقدمات سے گھبرانے والے نہیں ، ماضی میں بھی آصف زرداری مقدمات کا سامنا کر چکے ہیں