لاہور (نیوز ڈیسک) امام کعبہ شیخ خالد الغامدی کا کہنا ہے کہ دشمن پوری دنیا میں اسلام کو تشدد اور نفرت کے مذہب کے طور پر پیش کر رہے ہیں۔لاہور کے بحریہ ٹاؤن میں پاکستان کی سب سے بڑی جامع مسجد میں جمعہ کا خطبہ دیتے ہوئے امام کعبہ کا کہنا تھا کہ اسلام رحمت اور در گزر کا سبق دینے والا دین ہے، اسلام ہمیں صبر کا درس دیتا ہے اور اسلام میں کسی کے ساتھ زبردستی نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام کفار کے ساتھ بھی حسن سلوک کا درس دیتا ہے، نبی کریم ﷺ نے نجران کے عیسائیوں کے لئے مسجد کے دروازے کھول دیئے تھے جب کہ آپ ﷺغیر مسلموں کی تیمار داری کے لئے ان کے گھر جایا کرتے تھے۔ حضرت محمدﷺ کے حسن سلوک سے متاثر ہو کر آپ کا یہودی غلام بھی مسلمان ہو گیا تھا۔امام کعبہ کا کہنا تھا کہ مذہبی تعصب سب سے بڑی برائی ہے جس کا ہمیں جڑ سے خاتمہ کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کے دشمن ہمارے مذہب کے خلاف پروپیگنڈا کر رہے ہیں اور پوری دنیا میں اسلام کو تشدد اور نفرت کے مذہب کے طور پر پیش کر رہے ہیں۔ اللہ تعالیٰ پوری امت مسلمہ بالخصوص پاکستان پر اپنی خاص رحمت نازل کرے۔