اسلام آباد(نیو زڈیسک)منی لانڈرنگ کیس ماڈل ایان علی کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید تین دن کی توسیع دیتے ہوئے عدالت نے کیس کی سماعت27 اپریل تک ملتوی کر دی ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعہ کے روز منی لانڈرنگ کے الزام میں گرفتار ماڈل ایان علی کو جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد سیشن جج بہادر علی کی عدالت میں پیش کیا گیا ۔کسٹم عدالت کے نئے جج نے چارج نہ سنبھالنے کے باعث سیشن عدالت نے کیس کی سماعت 27 اپریل تک ملتوی کر دی ۔دوران سماعت جج بہادر علی نے ماڈل ایان علی سے استفسار کیا کہ آپ کو جیل میں کوئی مسئلہ تو نہیں ہے جس پر ماڈل ایان علی نے کہا کہ جیل میں صفائی کے ناقص انتظامات کی وجہ سے مجھے انرجی ہوگئی ہے مگر متعلقہ ادویات بھی میسر نہیں جس پر عدالت نے جیل حکام کو حکم دیتے ہوئے کہا کہ ماڈل ایان علی کو تمام متعلقہ ادویات فراہم کی جائیں ۔دوران سماعت ماڈل ایان علی کے وکیل ریحان نے بھی عدالت میں نقطہ نظر اٹھایا کہ میرے موکل کا جوڈیشل ریمانڈ 90 روز سے تجاوز کر چکا ہے اب مزید توسیع غیر قانونی ہے مگر کسٹم جج کی عدم موجودگی کے باعث سیشن عدالت نے ماڈل کو ایان علی کو27 اپریل تک جیل بھیج دیا ہے۔