کراچی (نیوز ڈیسک) این اے 246 الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار عمران اسماعیل نے اپنی شکست تسلیم کر لی ہے ۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ابھی تک کے نتائج کے مطابق ایم کیو ایم کے امیدوار انتخاب جیت رہے ہیں اور جو بھی نتائج سامنے آتے ہیں وہ انہیں تسلیم کریں گے ۔ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کا اصل مقابلہ 1 لاکھ 40 ہزار اور 32 ہزار ووٹوں کے درمیان تھا لیکن اس علاقے کی قسمت میں اب خوف ہی رہ گیا ہے ۔ انہوں نے عزیز آباد میں تحریک انصاف کے دفتر پر ایم کیو ایم کے کارکنان کی جانب سے کیے جانے والے حملے کے بارے میں کہا ہے کہ ایم کیو ایم انہیں بڑے مارجن سے شکست نہیں دے سکی اس لیے ایسا رویہ اپنایا گیا ہے ۔انہوں نے سوال کیا کہ ایسی کونسی قیامت آ گئی تھی کہ عزیز آباد میں حملہ کیا گیا ہے ۔ ایم کیو ایم کے حوالے سے انہوں نے واضح طور پر کہا ہے کہ انہوں نے تحریک انصاف کے ساتھ زیادتی ہے جبکہ وہ حیدر عباس رضوی سے ملاقات کے بعد سمجھ رہے تھے کہ اب معاملات بالکل ٹھیک ہیں ۔ پولنگ کے حوالے سے عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے لوگ پولنگ سٹیشن تک پہنچ ہی نہیں سکے اور کئی افراد پولنگ سٹیشن کے اندر ہی پھنسے ہوئے ہیں ۔ انہوںنے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ پولنگ سٹیشن سمیت عزیزآباد میں پھنسے ہوئے افراد کو بحفاظت ان کے گھروں تک پہنچایا جائے ۔