کراچی(نیوزڈیسک) سابق وزیر داخلہ سندھ ذوالفقار مرزاکا کہنا ہے کہ اگر مجھے یا میرے خاندان کے کسی فرد کو کچھ ہوا تو اس کی ذمہ داری پیپلز پارٹی قیادت پر ہوگی۔سابق صوبائی وزیر نے وزیر اعلیٰ قائم علی شاہ اور دیگرحکام کو لکھے گئے خط میں سیکیورٹی واپس لینے پر سخت احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ میں سندھ اسمبلی کا رکن ہونے کے ساتھ ساتھ سندھ کا وزیر داخلہ رہا ہوں، میری اہلیہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا اسپیکر قومی اسمبلی رہی ہیں۔ انھوں نے قائم مقام صدر پاکستان کے فرائض بھی انجام دیئے ہیں اور وہ اس وقت بھی قومی اسمبلی کی رکن ہیں۔ میرا بیٹا بیرسٹر حسنین مرزا سندھ اسمبلی کا رکن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہیں لیکن اس کے باوجود ہم سے سیکیورٹی واپس لے لی گئی ہے۔ اگر مجھے یا میرے خاندان کے کسی فرد کو کچھ ہوا تو اس کی ذمہ داری پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت ہوگی۔