لاہور (نیوز ڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ چینی سرمایہ کاری پر بھارت کا واویلا سمجھ سے باہر ہے۔لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ 20 اپریل پاکستان کی تاریخ کا اہم ترین دن اور قوم کی زندگی میں انقلاب کے مانند ہے، چین نے ثابت کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات فولاد کی طرح مضبوط ہیں، 46 ارب ڈالر کا پیکج چین نے کسی اور ملک کو نہیں دیا جب کہ اب ان منصوبوں کو ائندہ 2 سے 3 سال میں مکمل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ چین کی پاکستان میں سرمایہ کاری سے ہمسایہ ملک کو شور نہیں کرنا چاہئے، جب امریکی اور چینی صدور بھارت گئے تو پاکستانی حکومت نے کوئی منفی ردعمل نہیں دیا لہٰذا اب بھارت کو بھی واویلا کرنے کی کوئی ضرورت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان معاہدوں اور منصوبوں سے کسی ایک صوبے کو نہیں بلکہ پورے ملک کو فائدہ ہوگا، چینی سرمایہ کاروں کو مکمل سیکیورٹی دینے کے لئے سیاسی اور عسکری قیادت متحد ہے جب کہ چینی سرمایہ کاری سے پاک امریکا تعلقات میں بھی کوئی فرق نہیں پڑے گا۔
مزید پڑھئے:ہالی ووڈ میں براک اوباما اور مشعل کی پہلی ملاقات پر فلم بنانے کی تیاریاں