اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی چاہتی ہے کہ صاف اور شفاف انتخابات ہونے چاہئیں‘ پی ٹی آئی ووٹ کے تقدس کے لئے جنگ لڑ رہی ہے‘ انتخابات میں ایک جماعت ہارتی ہے اور ایک جیتتی ہے یہ سیاسی عمل ہے۔ جمعرات کے روز پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی کے حلقہ این اے 246 ایم کیو ایم کے لئے اسی طرح اہمیت کا حامل ہے جس طرح پی پی پی کے لئے لاڑکانہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کراچی کی عوام کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ وہاں پر اب ایم کیو ایم کے علاوہ کوئی دوسری جماعت ہے تو وہ پی ٹی آئی ہے اور اس سے پہلے کراچی کے لوگوں کے لئے انتخابات میں کوئی دوسری چوائس نہیں تھی لیکن اب پی ٹی آئی کی شکل میں سیاسی جماعت اور قیادت کراچی کے لوگوں کے لئے میسر ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رینجرز کراچی کے ضمنی انتخابات میں سیکیورٹی کی خدمات سرانجام دے رہی ہے اور ہم اس سے مطمئن ہیں اگر کسی کو شکایت ہے تو وہ الیکشن کمیشن سے رجوع کرے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام ایم کیو ایم کی سیاست سے مطمئن نہیں ہیں۔ سعودی عرب اور یمن کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ سعودی عرب ہمارا دیرینہ دوست اور ساتھی ہے۔ شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یہ سوال اٹھایا کہ حکومت کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز وزیراعظم کے ہمراہ سعودی نہ ساتھ گئے ہیں اور نہ ہی اس سے پہلے ہونے والی مشاورت میں شامل تھے‘ اس کی کیا وجہ ہے سیکیورٹی اور خارجہ کے مشیر اس سارے معاملے میں شامل نہیں ہیں؟ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور یمن کے معاملے میں بڑی اہم تبدیلیاں آ رہی ہیں اور حال ہی میں سعودی عرب نے یہ کہا ہے کہ وہ اب یمن کے معاملے میں سیاسی اور سفارتکاری کے عمل کو اہمیت دے رہا ہے ۔