استنبول(نیوزڈیسک)صدر مملکت ممنون حسین چار روزہ سرکاری دورہ پر استنبول پہنچ گئے۔صدر مملکت ممنون حسین خصوصی طیارے سے جب استنبول پہنچے تو انکا شاندار استقبال کیا گیا۔ استنبول کے گورنر، ترکی کے وزیر عدل و انصاف، ترکی میں پاکستان کے سفیر اور اعلیٰ سطح کے وفد نے صدر مملکت کو خوش آمدید کہا۔ صدر مملکت ممنون حسین چناکلی جنگ کی صد سالہ تقریبات میں شرکت کے لیے اپنے ترک ہم منصب کی دعوت پر ترکی گئے ہیں۔ اپنے دورہ ترکی کے دوران صدر مملکت ترک قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔ جس میں دوطرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی صورتحال پر گفتگو ہوگی۔ اس کے علاوہ صدر مملکت کی اذربائیجان، ترکمانستان اور البانیہ کے صدور سے بھی ملاقاتیں متوقع ہیں جو چناکلی جنگ کی تقریبات میں شرکت کے لیے ترکی آئے ہوئے ہیں۔ ترک صدر تقریبات میں شریک مہمانوں کے اعزاز میں استقبالیہ دیں گے جس میں صدر مملکت ممنون حسین بھی شرکت کریں گے۔