کراچی (نیوزڈیسک )کراچی میں غیر قانونی اور جعلی لائسنس والے ہتھیاروں کے خلاف مہم کا آغاز ہوگیا ہے۔ رینجرز نے کراچی کے شہریوں کو 9 روز کے اندر اندر تمام غیر قانونی اسلحہ قریبی چیک پوسٹس پر جمع کرانے کے لئے 30 اپریل کی ڈیڈلائن دی ہے ۔ڈائریکٹر جنرل سندھ رینجرز، جنرل بلال اکبر نے کراچی کے شہریوں سے30 اپریل تک غیر قانونی اور جعلی لائسنس والے ہتھیار رینجرز کے پاس جمع کرانے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ 30 اپریل کے بعد غیر قانونی یا جعلی لائسنس والے ہتھیار کسی کے قبضے سے ملے تو اسے گرفتار کرکے سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔اس حوالے سے انہوں نے باقاعدہ ایک اعلامیہ بھی جاری کیا ہے، جس میں شہریوں کو متنبہ کیا گیا ہے کہ غیر قانونی ہتھیار رکھنا سندھ آرمز آرڈی نینس23-1-Aکے تحت جرم ہے، جس کی سزا 14 سال قید ہے۔غیرقانونی اسلحہ رینجرز کی قریبی چیک پوسٹوں پر جمع کرانا ہوگا۔ترجمان سندھ رینجرز کا کہنا ہے کہ مقررہ معیاد کے بعد کسی بھی شخص کے قبضے سے غیر قانونی ہتھیار ملا تو اسے ٹارگٹ کلر کا معاون تصور کرتے ہوئے اس کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت سخت کاروائی کی جائے گی۔