اسلام آباد(نیوزڈیسک) پاکستان تحریک انصاف نے وزیر اعظم نواز شریف کے گلگت بلتستان کے لئے اعلان کردہ 47 ارب روپے کے پیکج کو انتخابات سے قبل مبینہ دھاندلی قرار دے دیا۔ جہانگیر ترین کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان کے چیف الیکشن کمشنر وزیر اعظم کے اعلانات کا فوری نوٹس لیں اور انہیں شو کاز نوٹس جاری کیا جائے۔ تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل جہانگیر ترین نے وزیر اعظم نواز شریف کے دورہ گلگت کے حوالے سے گلگت بلتستان کے چیف الیکشن کمشنر کو ایک مراسلہ ارسال کیا ہے۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف وزیر اعظم ہونے کے ساتھ ایک جماعت کے صدر بھی ہیں وہ آج سنگین دھاندلی کے مرتکب ہوئے ہیں۔ ان کی طرف سے سے جی بی کے لئے47 ارب کا پیکج پری پول رگنگ ہے۔ مراسلے کے ساتھ پی ٹی وی کی آج کی نشر کردہ تقاریر اور تصویری شواہد بھی منسلک کی گئیں ہیں اور مطالبہ کیا گیا ہے کہ وزیراعظم کے اعلانات کا فوری نوٹس لیا جائے اور انہیں شو کاز نوٹس جاری کیا جائے۔