اسلام آباد(نیوزڈیسک)تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل نے کہاہے کہ این اے 246کے انتخاب کیلئے رینجرز کو مجسٹریٹ کے اختیارات دیے گئے ہیں۔چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر ترین نے کہا کہ این اے 246کے ضمنی انتخاب میں ووٹوں کی گنتی رینجرز کی موجودگی میں ہو گی اور فار م 14اور فارم15کے پولنگ سٹیشن سے جانے تک رینجرز پولنگ سٹیشنز میں موجود رہے گی۔جہانگیر ترین نے کہا کہ سیکریٹری الیکشن کمشنر کراچی جا کر پولنگ سٹیشنز کا جائزہ لیں گے اور ممکن ہے کہ پولنگ سٹیشنزمیں کیمرے بھی نصب کیے جائیں۔انہوں نے کہاکہ چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کے دوران بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ دینے کا حق دینے سے متعلق بھی بات ہو ئی کیونکہ اوورسیز پاکستانی اربوں روپے زرمبادلہ پاکستان میں بھیجتے ہیں۔ان کا کہناتھاکہ ملاقات کے دوران انتخابات میں کمپوٹرائز ڈ سسٹم فعال کرنے سے متعلق بھی چیف الیکشن کمشنر سے بات چیت ہو ئی۔