کراچی (نیوز ڈیسک ) ایم کیو ایم کے مقتول رہنماءڈاکٹ عمران فاروق کے قتل میں گرفتار مرکزی ملزم کا فون ریکارڈ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے حاصل کر لیا ہے ۔ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ عمران فاروق کے قتل کے بعد کراچی واٹر بورڈ کے ایک افسر نے قتل کے 12 منٹ بعد لندن کے فون پر بات کی تھی ،جس نمبر پر کال کی گئی تھی وہ گرفتار ملزم معظم علی کا تھا اور جس فون سے بات کی گئی وہ نارتھ کراچی واٹر بورڈ کے زیر استعمال نمبر تھا ۔ مزید بتایا گیا ہے کہ دونوں ملزمان کے درمیان 4 منٹ 22 سیکنڈ تک بات کی گئی تھی اور معظم علی کا دفتر آرام باغ حسرت موہانی روڈ پر واقع ہے ۔ موبائل نمبر کے حوالے سے ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نمبر سے لندن میں اہم شخصیت کے ساتھ رابطہ بھی رکھا گیا تھا اور کراچی کے لوکل نمبروں پر بھی اس نمبر سے کال کی جاتی رہیں ۔ ذرائع نے مزید دعویٰ کیا ہے کہ معظم علی کا یہ نمبر کئی ملکوں کی انٹرنیشنل رومنگ پر بھی رہا ہے اور معظم علی دوہری شہریت کا حامل بھی ہے ۔ سیکورٹی اداروں کے ذرائع نے بتایا ہے کہ سکاٹ لینڈ یارڈ نے اس دفتر کے فون کا ریکارڈ بھی طلب کر لیا ہے اور پاکستان کی جانب سے یہ ریکارڈ بھی ان کے حوالے کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ معظم علی عمران فاروق قتل کیس میں مرکزی ملزم ہے جو سکاٹ لینڈ یارڈ کو انتہائی مطلوب ہے اور اسے کراچی سے گزشتہ روز گرفتار کر لیا گیا ہے ۔