اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) الیکشن 2013 ءمیں ہونے والی مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کے لیے قائم کیے گئے جوڈیشل کمیشن کا فریق بننے کے لیے سیاسی جماعتوں کی جانب سے رابطہ کیا جا رہا ہے۔پاکستان پیپلز پارٹی کے بعد پاکستان مسلم لیگ ق اور عوامی نیشنل پارٹی نے بھی جوڈیشل کمیشن کا فریق بننے کا فیصلہ کر لیاہے۔پاکستان مسلم لیگ ق کی جانب سے اعلان کی گیا ہے کہ معروف وکیل ڈاکٹر خالد رانجھا ان کی پارٹی کی جانب سے جوڈیشل کمیشن کے سامنے پیش ہوں گے۔مسلم لیگ ق کا کہنا ہے کہ جوڈیشل کمیشن میں الیکشن 2013 ءمیں دھاندلی کرنے والوں کو بے نقاب کیا جائے گا۔ دوسری جانب اے این پی کی جانب سے جوڈیشل کمیشن میں فریق بننے کی درخواست دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور بتایا گیا ہے کہ ان کی درخواست کے ساتھ دھاندلی کے ثبوت بھی فراہم کیے جائیں گے۔