اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کہتے ہیں خیبرپختونخوا میں عمران خان کی اہلیت سب کے سامنے ہے، خارجہ پالیسی سڑکوں پر طے نہیں ہوتی۔
عمران خان کے رہن سہن کیلئے پیسہ کہاں سے آیا، ایک گھنٹے میں 3 پیپر دینے والے کو کیا سزا ملی، خیبرپختونخوا میں کسی میگا پراجیکٹ کا نام بتائیں، جی ہاں! یہ کوئی امتحانی پرچہ نہیں، وفاقی وزیراطلاعات کے عمران خان سے کھرے کھرے سوالات ہیں جو انہوں نے کپتان کے الزامات کے جواب میں داغے۔
پرویز رشید نے خان صاحب کی اہلیت پر بھی سوال اٹھایا اور بولے سندھ پولیس پر عدم اعتماد پولیس کی قربانیوں کے ساتھ مذاق ہے، انہوں نے بیرسٹر سلطان کو پہلے سے کم ووٹ ملنے کو مضحکہ خیز قرار دیا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ انگلی اٹھنے کے متلاشی کیا جانیں میثاق جمہوریت کیا ہے، پرویز رشید نے کپتان کی خوب خبر لینے کے بعد انہیں دائیں بائیں کھڑے مشیروں کے کان کھینچنے کا مشورہ بھی دے ڈالا۔