اسلام آباد (نیوز ڈیسک) حکومت اور تھریک انصاف کے درمیان جاری کشیدگی ختم ہو گئی ہے اور دونوں فریقین نے الیکشن 2013 ءکی تحقیقات اور انتخابی اصلاحات کے لیے معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔7 صفحات پر مشتمل معاہدے پر حکومت کی جانب سے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور اقبال ظفر جھگڑا نے دستخط کیے اور تحریک انصاف کی جانب سے شاہ محمود قریشی اور جہانگیر ترین نے معاہدے پر دستخط کیے۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک نے گواہ کے طور پر معاہدے پر دستخط کیے۔
اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ جوڈیشل کمیشن بنانے کے لیے جس جس نے اپنی خدمات پیش کی ہیں حکومت اور تحریک انصاف ان کا شکریہ ادا کرتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی جرگے نے بہت کوششیں کی ہیں اور ہم چاہتے تھے کہ اس معاہدے پر اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ اور سیاسی جرگے کے کنوینیئر رحمان ملک بھی دستخط کرتے۔انہوں نے واضح کیا کہ خورشید شاہ اس وقت کراچی ہیں اور رحمان ملک لندن میں موجود ہیں ۔اگر وہ اسلام آباد ہوتے تو ان کے دستخط ضرور کروائے جاتے۔انہوں نے واضح کیا کہ دونوں اطراف سے لچک کا مظاہرہ کیا گیا ہے اور ہماری پوری کوشش ہے کہ کل رات 12 بجے تک آرڈیننس جاری کر دیا جائے۔
اسحاق ڈار کا مزید کہنا تھا کہ دونوں اطراف سے خلوص نیت کا مظاہرہ کیا گیا اور اسی کا نتیجہ ہے کہ آج ہم نے اس معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ 20 مارچ کو معاہدہ پیش کیا گیا اور اگلا اجلاس 24 مارچ کو پارلیمانی لیڈرز کے ساتھ کیا گیا۔اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی قائدین کو اس معاہدے سے آگاہ کر دیا گیا ہے اور اب ہمیں مل کر آگے بڑھنا ہو گا۔ان کا کہنا تھا کہ معاہدے میں لکھا ہے کہ جوڈیشل کمیشن 45 دنوں میں اپنا کام مکمل کر لے گا لیکن اگر کام 43 دنوں میں ہو جائے تو خوشی ہو گی۔اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ دونوں جماعتیں اپنے قائدین کی رہنمائی پر کام کرتی رہیں گی۔
اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ آج سیاسی اور پاکستان میں جمہوریت کے لیے ایک تاریخی دن ہے۔انہوں نے کہا کہ اس دن کے لیے حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان طویل نشستیں ہوئی ہیں اور ہم مستقبل میں شفاف الیکشن کا راستہ بنا رہے ہیں۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اس معاہدے کے تحت 2013 ءمیں ہونے والے انتخابات کی تحقیقات کی جائیں گی اور آئندہ کے انتخابات کے لیے سازگار ماحول بنایا جا رہا ہے۔اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے عمران خان ، جہانگیر ترین ، حکومت ، لیگل ٹیم اور سیاسی جرگے سمیت تمام رہنماﺅں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس سیاسی بحران کو حل کر نے میں کوششیں کیں۔