کراچی (نیوز ڈیسک) فلسطینی نژاد عرب صحافی اور الجزیرہ کے نمائندے عبدالرحمان مطہر نے کہاہے کہ عرب دنیا ہر مشکل میں پاکستان کی طرف دیکھتی ہے۔ جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے عبدالرحمان کا کہنا تھا کہ پاکستان پوری مسلم دنیا میں واحد ایٹمی طاقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عرب دنیا مسلمان ملک ہونے کے ناطے پاکستان کی طرف دیکھ رہی ہے، عرب چاہتے ہیں کہ پاکستان آگے بڑھ کر مسلم امہ کی سربراہی کرے۔ ان کے بقول پاکستان نہ صرف ایٹمی طاقت ہے بلکہ اس کے پاس جدید ترین میزائل، ڈرون ٹیکنالوجی اور دنیا کی بہترین اور مسلم دنیا کی سب سے طاقتور فوج بھی ہے،۔ یمن کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھاکہ حوثی باغیوں نے تمام فریقوں کے اتفاق سے ہونے والے معاہدے کی پاسداری نہیں کی اور غیر مسلح ہونے کے بجائے دو سالوں میں ہتھیار جمع کر کے قریہ قریہ اور شہر شہر پر قبضہ کرنا شروع کردیا جس کی وجہ سے حالات اس نہج پر پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایسے حالات میں پاکستان سعودی عرب کی درخواست پر یمن میں فوج بھیجتا ہے تو عرب دنیا اسے مثبت نظر سے دیکھے گی۔