لاہور (نیوزڈیسک)وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے ہمیشہ ہماری مدد کی ہے اگر اس کی سالمیت کو خطرہ ہوا تو بھرپور دفاع کریں گے۔لاہور میں سیمینار سے خطاب کے دوران وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ سعودی عرب ہمارے بڑے بھائی کی طرح ہے جس نے ہمیشہ ہماری مدد کی،سعودی عرب کی سالمیت کو خطرہ ہوا تو بھرپور ساتھ دیں گے، اس کے علاوہ یمن کے عوام بھی پاکستان سے بہت محبت کرتے ہیں، اس لئے ہماری کوشش ہے کہ معاملات افہام و تفہیم سے حل ہوجائیں۔ انہوں نے کہا کہ یمن سے پاکستانیوں کاانخلا شروع ہوچکا ہے، جلد ہی تمام محصورین کی واپس مکمل ہوجائے گی۔خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس وسائل کی کمی نہیں لیکن انہیں اچھے طریقے سے استعمال نہیں کیا جاتا، وسائل کا ضیاع ہمارا کلچر بن چکا ہے، 40 فیصد پانی ڈیموں سے نہروں تک پہنچانے میں جب کہ 25 فیصد پانی کوٹری بیراج پر ضائع ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بڑے آبی ذخائر کی تعمیر کے لئے یکسو ہے۔ نیلم جہلم پراجیکٹ بروقت مکمل ہوگا اس کے علاوہ بھاشا ڈیم پر بھی کام جاری ہے جس کے بعد داسو ڈیم بھی شروع ہوجائے گا۔