اسلام آباد (نیوزڈیسک)متحدہ قومی مومنٹ کے سینئر رہنما اور رکن قومی اسمبلی خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے کہ عمران خان چور دروازے سے سیاست میں آئے ہیں اور اگر چور دروازے سے وزیراعظم بن گئے تو یہ ملک کی بڑی بدنصیبی ہوگی۔ ایم کیو ایم کے ارکان قومی اسمبلی نے عمران خان کی جانب سے الطاف حسین کے خلاف نامناسب الفاظ استعمال کرنے پر قومی اسمبلی میں شدید احتجاج کیا اور اجلاس سے واک آؤٹ کردیا۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ جس کو اپنی مقبولیت پر غرور ہو تو وہ ضرور کراچی آئے، اگرعمران خان کو سیاست کا شوق ہے تو وہ ضرور کریں اور اگر انہیں این اے 246 کی سیٹ پر الیکشن لڑنا ہے تو بھی ضرور لڑیں، اہل کراچی بھی ان کی ضمانتیں ضبط کرادیں گے۔ عمران خان چور دروازے سے سیاست میں آئے ہیں اور اگر چور دروازے سے وزیراعظم بھی بن گئے تو یہ ملک کی بڑی بد نصیبی ہوگی۔اس سے قبل قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران نکتہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے آصف حسنین کا کہنا تھا کہ ایک شخص نے آزاد کشمیر میں بازاری زبان استعمال کی، کراچی کے عوام کی تذلیل کی گئی اور انہیں زندہ لاش کہا گیا جس پر ہم ایوان سے واک آؤٹ کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے بیریئر ہٹائے اور آپریشن کے دوران ایم کیو ایم کے 400 لوگ قتل کردیئے گئے، اب ہمارے کارکنوں کو پکڑا جا رہا ہے۔