اسلام آباد ( نیوز ڈیسک) پیپلز پارٹی کے رہنماءاور معروف وکیل بابر اعوان نے کہا ہے کہ سزائے موت کے مجرم شفقت حسین کے پاس اپنی عمر ثابت کرنے کے 13 مواقع تھے جو انہوں نے ضائع کر دیے تھے۔نجی ٹی وی چینل ’دنیا نیوز ‘ کے پروگرام میں انہوں نے انکشاف کیا ہے کہ شفقت حسین کے پاس اپنی کم عمری ثابت کرنے کے لیے 13 مواقع تھے جبکہ کسی بھی وقت انہوں نے اس کا فائدہ نہیں اٹھایا لیکن عین سزائے موت سے پہلے ان کی سزا کم عمری کے باعث معطل کی گئی ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ میڈیکل بورڈ ہڈیوں اور دانتوں کی عمر سے انسان کی اصل عمر کا اندازہ لگاتے ہیں جس سے عمر سے متعلق کوئی شبہ باقی نہیں رہتا۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ جب فرعون کی اصل عمر کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے تو شفقت حسین کی عمر سے متعلق ابھی تک میڈیکل ٹیسٹ کیوں نہیں کیا گیا۔یاد رہے شفقت حسین نے 7 سالہ بچے کو اغواءکے بعد قتل کیا تھا جبکہ اس جرم کی پاداش میں عدالت سے اسے سزائے موت سنائی تھی لیکن اس کے اہلخانہ کی جانب سے شفقت حسین کے کم عمر ہونے کی درخواست دی گئی جس کے بعد پھانسی سے چند گھنٹے پہلے اس کی سزا معطل کر دی گئی تھی۔