کراچی ( نیوز ڈیسک) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستان کو پر امن بنانے کے لیے کراچی کو پر امن بنانا ہو گا جبکہ آپریشن کے ساتھ عوام کے مسائل پر بھی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ کراچی میں آپریشن کے دوران نیٹو کا اسلحہ ملنا ایک سوالیہ نشان ہے جبکہ اس آپریشن کے ذریعے بڑے حقائق عوام کے سامنے آئے ہیں۔سراج الحق کا کہنا تھا کہ کراچی میں جعلی مینڈیٹ کی وجہ سے مسائل حل نہیں ہو سکے ہیں جبکہ کراچی میں ہونے والے الیکشن کا جائزہ لینا چاہیئے۔انہوں نے کہا کہ چند بیرئیر ہٹانے سے مسائل کا خاتمہ نہیں ہو گا جبکہ حکومت سمیت تمام افراد کو کراچی کی تعمیر نو کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے. انہوں نے وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم نے کراچی میں میٹرو بس منصوبے کا اعلان کیا تھا جو ابھی تک نظر نہیں آ رہا جبکہ دوسری جانب ان کے اعلان کے باوجود شہریوں کو صاف پانی نہ ملنا بھی تشویش کا باعث ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ کراچی میں آپریشن کے ساتھ ساتھ عوام کے بنیادی مسائل بھی حل کیے جائیں تاکہ کراچی کی عوام پر امن فضاءمیں تمام بنیادی سہولیات کے ساتھ زندگی گزار سکیں۔