کراچی ( نیوز ڈیسک ) پرویز مشرف کی سیاست میں تیزی ‘ عوام میں آنے کا فیصلہ ‘ آل پاکستان مسلم لیگ کی سی ای سی کا اجلاس بلالیا گیا ‘ پاکستان سمیت دنیا بھر میں موجود اے پی ایم ایل رہنمامشاورت کیلئے طلب ۔ اطلاعات کے مطابق سابق صدر پاکستان اور آل پاکستان مسلم لیگ کے چیئرمین پرویز مشرف نے قومی سیاسی صورتحال کے پیش نظر اپنی سیاسی سرگرمیوں میں تیزی لانے‘ باہر نکل کر عوام سے ملنے اور عوامی اجتماعات میں شرکت کے ساتھ عوامی رابطہ مہم تیز کرنے کافیصلہ کرلیا ہے جس کیلئے 22مارچ کوکراچی کے مقامی ہوٹل میں آل پاکستان مسلم لیگ کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی(سی ای سی) کادوروزہ اجلاس طلب کرلیا گیاہے جس میں مرکزی کابینہ کے علاوہ سندھ ‘ پنجاب ‘ خیبر پختونخواہ‘ بلوچستان ‘گلگت بلتستان‘ کشمیر اور امریکہ ‘ کنیڈا‘ برطانیہ ‘ یواے ای‘فرانس ‘ جرمنی و دیگرممالک میں موجود اے پی ایم ایل رہنما شرکت کریں گے ۔ اس اجلاس کا مقصدقومی سیاسی صورتحال کے پیش نظر آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنا ‘ اے پی ایم ایل کو منظم کرنااور سیاسی سرگرمیوں میں تیزی لانے کیلئے مشاورت کے علاوہ متوقع مڈ ٹرم انتخابات کے علاوہ متوقع تبدیلی اور قومی حکومت کے قیام میں کردار کی ادائیگی کے حوالے سے بھی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا جبکہ اجلاس میں پرویز مشرف اے پی ایم ایل رہنماؤں سے سیکورٹی خدشات کے باوجود عوام میں آنے اور ذاتی طور پرعوامی رابطہ مہم شروع کرنے کے حوالے سے بھی مشاورت کریں گے۔