اسلام آباد (نیوزڈیسک)تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی مراد سعید کی جعلی ڈگری کیس کے حوالے سے یونیورسٹی کی انکوائری کمیٹی نے تحقیقات مکمل کرلی۔ سو صفحات پر مشتمل رپورٹ تحقیقاتی کمیٹی نے وائس چانسلر کے حوالے کردی۔ذرائع کے مطابق یونیورسٹی کی تین رکنی کمیٹی نے رکن قومی اسمبلی مراد سعید کیس میں تحقیقاتی رپورٹ مرتب کر لی ہے۔ تحقیقاتی رپورٹ میں مراد سعید اور یونیورسٹی حکام کی جانب سے شدید بے ضابطگیوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق تحقیقاتی رپورٹ میں تحریک انصاف کے رکن اسمبلی مراد سعید کے دونوں پیپرز منسوخ کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ تحقیقاتی کمیٹی نے مراد سعید کی ڈی ایم سی کو مکمل طور پر جعلی قرار دے دیا ہے۔تحقیقاتی رپورٹ میں مراد سعید کے حوالے سے جعل سازی کے مرتکب ہونے کا ذکر بھی کیا گیا ہے۔ مراد سعید نے یونیورسٹی انتظامیہ کے ساتھ مل کر امتحانی طریقہ کار کو پامال کیا ہے۔ تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق امتحان کے مروجہ اصولوں کی بجائے مراد سعید کو خصوصی رعایت دی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق تحقیقاتی رپورٹ میں یونیورسٹی کے امتحانی نظام میں کمزویوں کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔ رپورٹ میں یونیورسٹی حکام سے ذمہ داران کے تعین کی سفارش بھی کی گئی ہے۔ مراد سعید کیس کی تین رکنی تحقیقاتی کمیٹی ڈاکٹر گلزار علی خان، ڈاکٹر ظفر اقبال اور اختر امین پر مشتمل تھی۔